میرا پرسنل لائف کا تصور۔۔۔۔۔۔۔
مجھے نہیں پتہ میں نے صحیح کیا یا غلط کیا، لیکن میرے پاس چوائس ہی یہی تھی، میرے مزاج میں دوسری کسی چوائس کی گنجائش ہی نہیں تھی۔
میں بچوں کے کارٹوننز پر اپنے کسی پسندیدہ ٹی وی پروگرام کو ترجیح نہیں دے سکا۔ بچے سوئے ہوں تو الک بات ہے، نانو کے گھر گئے ہوں تو الگ بات ہے، وہ بھی میں ایک مدت تک ان کے ساتھ ہی جاتا رہا، لیکن بچے پاس بیٹھے کارٹون دیکھنا چاہ رہے ہوں، اور میں کوئی ڈرامہ یا ٹاک شو دیکھنے میں مگن رہوں، یہ مجھ سے ہو نہیں سکا کبھی۔ بلکہ مجھ سے تو یہ بھی نہیں ہو سکا تھا کہ میں انہیں کارٹون دیکھتے چھوڑ کر کوئی کتاب پڑھنے لگوں، کسی دوسرے کمرے میں جا بیٹھوں۔ اگر میں نے کبھی ایک آدھ بار ایسا کیا تو بچے ٹی وی بند کر کے سو گئے، یا اٹھ کر کوئی اور کام کرنے لگے، وہ کارٹون میرے ساتھ بیٹھ کر دیکھنا چاہتے ہیں، اس کا ادراک مجھے بہت جلد ہو گیا۔
بچوں نے ناشتہ حلوہ پوری کرنا ہے، نقیبے کے چنے کھانے ہیں، اور میں کہوں نہیں مجھے تو آلو والی روٹی کھانی ہے آج۔ میں نے بچوں کی ہی مانی ہے ہمیشہ۔ یہ بھی نہیں کیا کہ میں الگ سے اپنی آلو والی روٹی پکوا لوں۔ بلکہ ان کو جھوٹا سچا یہی تاثر دیا ہے، کہ ان کی چوائس بیسٹ ہے، میری اور ان کی چوائس ایک ہے۔ کبھی کبھی میری بیوی مجھے رات یا کل کی بچی ہوئی کوئی ہنڈیا کھانے کو دے دے، اور بچے باہر سے منگوایا ناشتہ کھا رہے ہوں، تو میرے اور بچوں کے چہرے پر لکھا ہوتا ہے، کہ اکٹھے بیٹھنے اور ایک جیسا کھانے کا مزہ غائب ہے آج۔
میں کس جگہ پر اپنے آپ کو، اپنی خواہشات کو، اپنی سوچوں کو بیوی بچوں پر ترجیح دوں، مجھے نہیں سمجھ آ سکا۔ ان سے بہتر کپڑے لے لوں؟ ان سے بہتر موبائل لے لوں؟ ان سے بہتر بلینکٹ لے لوں؟ ان سے بہتر پوزیشن پر لیٹ جاؤں اے سی میں؟ کیا کروں؟
میں کسی جگہ، کسی کام میں اپنے آپ کو بچوں سے پہلے نہیں رکھ سکا۔
بلکہ انہوں نے کوئی بات کی ہے، تو میں نے ہمیشہ کہا ہے، کہ ان کی بات مجھ سے بہتر ہے۔ ایک تو میں ویسے ہی ہر کام بیوی بچوں سے پوچھ کر کرنے کا عادی ہو چکا ہوں: چائے نہ پی لوں؟ نہا نہ لوں؟ سو نہ جاؤں؟ دوسرا اگر انہوں نے اپنی چوائس بتا دی ہے، تو سوال ہی پیدا نہیں ہوتا میں ان کی چوائس رجیکٹ کروں۔ میری بیٹی اگر کہہ دے ’پاپا، آج یہ والی ٹائی لگا لیں‘ تو میں دوسری لگا کیسے لوں؟ میں نے تو بیوی بچوں کو ہمیشہ یہی کہا ہے کہ وہ مجھ سے نیک اور مجھ سے عقلمند انسان ہیں۔ میں کہتا ہوں یار میری صرف اتنی خواہش ہے، کہ آپ لوگ زندگی میں مجھ سے بہتر انسان بنو۔ مجھ سے زیادہ پڑھو، مجھ سے زیادہ کماؤ، مجھ سے زیادہ ترقی کرو۔ مجھ سے زیادہ فائدہ مند بنو۔
میں نے ہمیشہ کہا ہے کہ آپ لوگ مجھ سے مقابلے کا خوف نہ کھائیں۔ میں آپ سے پیچھے ہوں، آپ مجھ سے آگے ہیں۔ میں کہتا ہوں، اگر زندگی میں مجھے کبھی پتہ چلا، کہ آپ کے اور آپ کی خواہشوں کے درمیان میں رکاوٹ بنا رہا، تو مجھے بہت افسوس ہو گا۔
میں کہتا ہوں جس دن میری چاپ سن کر آپ لوگوں نے موبائل بند کر دیے، اور سوئے ہوئے بن گئے، مجھے افسوس ہو گا۔ رات کتنی ہی زیادہ کیوں نہ گذر جائے، دو تین کیوں نہ بج جائیں، اگر آپ موبائل استعمال کر رہے ہیں، تو میری آنکھ کھلنے پر بھی استعمال کرتے رہیں۔ میں آپ کو منع کروں تو منع ہو جائیں، یا ایسا ہی کرتے رہیں، چھپائیں مت۔ مجھ سے آرگو کریں، مجھے ریزن بتائیں، اینڈ دین گو اون۔
میں کہتا ہوں میں اپنے بچوں اور اپنی بیوی کو کبھی کسی کام میں، کسی بات میں، ہرانا نہیں چاہتا، دبانا نہیں چاہتا، اپنے سے نیچے ثابت نہیں کرنا چاہتا۔ میں چاہتا ہوں وہ ہمیشہ اپنے آپ کو مجھ سے اوپر اور مجھ سے آگے سمجھیں۔ یہی میری کامیابی ہے۔ میں اسے ہی اپنی ذمہ داریوں سے عہدہ برآ ہونا کہتا ہوں۔
ترجیح میرے بیوی بچے ہی ہیں، اور ان کے بعد اگر کوئی موقع مل جاتا ہے، تو ٹھیک ہے، کوئی ذکر اذکار کر لیا، کوئی نعت پڑھ لی، ویسے وہ بھی میری بیوی کی مرضی سے ہی ہوتا ہے۔ سچ تو یہ ہے کہ مجھے جمعہ پڑھانے بھی میرا بیٹا ہی لے کر جاتا ہے۔ ایک دن کہتا ہے ’پاپا آپ نے حج کیا ہوا ہے، نمازوں میں باقاعدگی اپنائیں، جمعہ تو ریگولر پڑھا کریں۔ میں نے کہا ٹھیک ہے یار، تو لے جایا کر مجھے۔ اب وہ ہر جمعے میری انگلی پکڑ کر مجھے جمعہ پڑھانے لے جاتا ہے۔ پتہ نہیں یہ ٹھیک ہے یا غلط، لیکن ایسا ہی ہے۔ باقی دوست احباب بھی ہیں، اور فیسبک بھی۔ میں یہ کام بھی کوئی پرسنل نہیں سمجھتا، کیونکہ میں یہ بھی اپنے بیوی بچوں کی مرضی سے ہی کرتا ہوں۔ اگر انہیں کوئی اعتراض ہو گا تو میں چھوڑ دوں گا۔ میری کوئی ایکٹوٹی میرے بیوی بچوں سے چھپی ہوئی نہیں ہے، اور نہ ہی ان کی مرضی کے خلاف ہے۔ یہی وجہ ہے کہ میں سمجھتا ہوں میری پرسنل لائف میرے بیوی بچے ہی ہیں۔
ہر وہ چیز جسے آپ اپنے بیوی بچوں پر ترجیح دیں، یا بیوی بچوں سے چھپائیں، آپ کی پرسنل لائف کے زمرے میں آئے گی، اور کسی نہ کسی طریقے سے بیوی بچوں کے لئے نقصان دہ ثابت ہو گی۔ اس لئے میں سمجھتا ہوں میرا پرسنل لائف کا آئیڈیا ہی کوئی نہیں ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
<script type="text/javascript"> amzn_assoc_placement = "adunit0"; amzn_assoc_search_bar = "true"; amzn_assoc_tracking_id = "blueco09-20"; amzn_assoc_search_bar_position = "bottom"; amzn_assoc_ad_mode = "search"; amzn_assoc_ad_type = "smart"; amzn_assoc_marketplace = "amazon"; amzn_assoc_region = "US"; amzn_assoc_title = "Digital iconic cemras latest version "; amzn_assoc_default_search_phrase = "Cemras"; amzn_assoc_default_category = "All"; amzn_assoc_linkid = "bcb01174c50859143bb384162f8a5c03"; </script> <script src="//z-na.amazon-adsystem.com/widgets/onejs?MarketPlace=US"></script>
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں